ساڑھے 4 سال میں ریلوے نے کوئی بیل آوٹ پیکج نہیں لیا، سعد رفیق

ساڑھے 4 سال میں ریلوے نے کوئی بیل آوٹ پیکج نہیں لیا، سعد رفیق

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مالی سال 17-2016 میں ریلوے کی آمدن بڑھ کر 40 ارب 10 کروڑ روپے تک جا پہنچی ہے اور ساڑھے 4 سال میں ریلوے نے کوئی بیل آوٹ پیکج نہیں لیا۔
سعد رفیق نے ریلوے کی کارکردگی کے حوالے سے صحافیوں کو دی جانے والی بریفنگ میں کہا کہ اگرہم آپس میں اتفاق اور اتحاد پیدا کرلیں تو ریلوے اربوں ڈالر کما سکتی ہے، گزشتہ ساڑھے چار سال میں ریلوے کی نجکاری کے حوالے سے سوچا تک نہیں‘ ای ٹکٹنگ کا آغاز اور تمام ٹرینوں کو اپ گریڈ کردیا گیا ہے‘ آئندہ ماہ سی پیک کے تحت کراچی سے پشاور مین لائن کی اپ گریڈیشن شروع ہو گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جب موجودہ حکومت 2013ءمیں برسراقتدار آئی تھی تو سابق حکومتوں کی مسلسل عدم توجہی سمیت دیگر وجوہات کی وجہ سے پاکستان ریلوے کا ادارہ روبہ زوال تھا، اس کی آمدن مالی سال 2012-13ءمیں 18 ارب روپے تھی۔انہوں نے کہا کہ اس قومی ادارے کو فعال اور منافع بخش بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں مالی سال 2016-17ءمیں ریلوے کی آمدن بڑھ کر 40 ارب 10کروڑ روپے تک جا پہنچی اور چار سال کے قلیل عرصے میں 123 فیصد اضافہ ایک ریکارڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ 2015-16 ءمیں اخراجات 44.217 ارب روپے تھے جو 2016-17ئ میں بڑھ کر 55.011 ارب تک پہنچ گئے ہیں اور ایک سال میں 10.774 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
?