بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں گے، وزیراعظم

بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں گے، وزیراعظم

نیو یارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا پاکستان افغانستان کی جنگ اپنی سرزمین پر نہیں لا سکتا اور نہ ہی قربانی کا بکرا بننے کےلیے تیار ہے۔ بھارت نے مہم جوئی کی کوشش کی تو منہ توڑ جواب ملے گا۔ انہوں نے کہا بدقسمتی سے آج یو این چارٹر کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں کیونکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی کوششوں کو طاقت کے ذریعے سے کچلنے کے لیے 7 لاکھ فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں جنگی جرائم اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے اور پاکستان کشمیر میں بھارتی جرائم پر بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو پیلٹ گنوں کے استعمال اور دیگر جرائم سے روکے۔

شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کو پاکستان میں تخریب کاری کی پشت پناہی بند کرنا ہو گی کیونکہ ہم بھارت کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کی جانب سے بھارت کی کسی بھی مہم جوئی یا کولڈ اسٹارٹ ڈاکٹرئن کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان کو اپنے قیام سے ہی مشرقی پڑوسی کی جانب سے مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ پاکستان نے ایٹمی ہتھیار تب ہی بنائے جب اس کے ہمسائے ملک نے انہیں حاصل کیا۔

افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے مسائل کا فوجی حل نہیں مصالحت کا راستہ اختیار کرنا ہو گا۔ افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں جو سرحد پار کر کے پاکستان میں کارروائیاں کرتے ہیں۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں اور پاکستان نے فوجی جوانوں سمیت 70 ہزار پاکستانی جانوں کا نقصان اٹھایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد پاکستان کی کوششوں سے القاعدہ کا خاتمہ ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی امن و سلامتی کے لیے کوششوں کو سراہتے ہیں۔ عراق اور شام میں داعش اگرچہ کمزور ہو گئی مگر دہشت گردی کے واقعات آج بھی دنیا میں جاری ہیں۔  روہنگیا مسلمانوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ روہنگیا میں مسلمانوں کی نسل کشی ہو رہی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں