پی ایس او نے ایندھن کی فراہمی روک دی، پی آئی اے کی پروازیں منسوخ

پی ایس او نے ایندھن کی فراہمی روک دی، پی آئی اے کی پروازیں منسوخ

کراچی: میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایس او نے پی آئی اے کو ایندھن کی فراہمی روک دی جس کے باعث کئی پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ پی آئی اے ترجمان کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ جیٹ فیول کی بندش کے حوالے سے پی ایس او نے پی آئی اے انتظامیہ کو پیشگی اطلاع نہیں دی۔

قومی ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ پی ایس او کو معاہدے کے مطابق ایک ہفتے کے جیٹ فیول کی ایڈوانس ادائیگی کی جا چکی ہے۔ کراچی ایئر پورٹ پر جیٹ فیول کی کمی کے باعث کراچی سے لاہور، کراچی سے کوئٹہ جانے والی دو اندرون ملک پروازیں جبکہ کراچی سے کوالالمپور جانے والی ایک بین الاقوامی پرواز بھی منسوخ ہو گئی۔

قومی ایئر لائن کی پروازوں کے منسوخ ہو جانے کے باعث مسافروں نے پی آئی اے انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ پی ایس او کی جانب سے جیٹ فیول کی فراہمی کے منقطع ہونے کی وجہ سے عیدالفطر کے دوران پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔واضح رہے اس پہلے بھی فیول کی مد میں رقم کی عدم ادائیگی پر پی ایس او فیول کی فراہمی معطل کر چکا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں