پیپلز پارٹی اور ان کے کرپٹ ٹولے نے پورے سندھ میں کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے، عارف علوی

پیپلز پارٹی اور ان کے کرپٹ ٹولے نے پورے سندھ میں کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے، عارف علوی

شکاپور: پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و  رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ  پیپلز پارٹی اور ان کے کرپٹ ٹولے نے پورے سندھ میں کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔ سندھ کے حقوق پر زرداری اور ان کے ٹولے نے قبضہ کیا ہوا ہے۔  آج سندھ کا نوجوان بے روزگاری سے عاجز  آچکا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جیت کے خواب دیکھنا کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ بلکہ پیپلزپارٹی کے سندھ سے بھی خاتمے کے تابوت پر تحریک انصاف آخری کیل ثابت ہوگی۔ یہ باتیں انہوں نے تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکریٹری افتخار سومرو کی رہائشگاہ واقع شکار پور میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات سندھ الیاس شیخ اور دیگر رہنما بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ کل کندھ کوٹ میں ہونے والا جلسہ سندھ کی تاریخ بدل دے گا۔ کل کے جلسے کے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ جلسے سے پارٹی کے چیئرمین عمران خان ، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، سیکریٹری جنرل جہانگیر خان ترین اور سندھ کے دیگر سینئر رہنما خطاب کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے شہری پیپلز پارٹی کی کرپشن کو مزید برداشت نہیں کریں گے۔ اسی لئے بہت سارے سندھی رہنما اور باشعور نوجوان تحریک انصاف میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں ۔سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے لیکن بد قسمتی سے کئی دہائیوں سے سندھ کی سرزمین پر آصف زرداری جیسے کرپٹ اور نا اہل حکمران قابض ہیں ۔

اب مزید ان کی دکانداری بند ہونے والی ہے اور ان سے ان کے چورے کئے گئے ایک ایک روپے کا حساب لیا جائے گا۔