سی پیک منصوبہ پورے پاکستان کیلئے ترقی و خوشحالی کی نوید ہے : وزیر اعلیٰ بلوچستان

سی پیک منصوبہ پورے پاکستان کیلئے ترقی و خوشحالی کی نوید ہے : وزیر اعلیٰ بلوچستان


گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ سی پیک کا منصوبہ نا صرف گوادر اور بلوچستان بلکہ پاکستان کے تمام صوبوں کے لیے ترقی و خوشحالی کے عظیم دور کی نوید لے کر آیا ہے۔ ہم اس منصوبے کی راہ میں حائل تمام مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور اپنے جوانوں کے خون کا نذرانہ دے کر اس پودے کی آبیاری کر رہے ہیں۔


ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ہمارے لیے مستقبل کی تعمیر میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے، یہ منصوبہ چین کے عظیم الشان ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کا حصہ ہے جو چینی قیادت کے بین الاقوامی وژن کا آئینہ دار ہے۔ سی پیک منصوبے میں گوادر کو کلیدی اہمیت حاصل ہے اپنے گہرے پانی کی بندرگاہ کے باعث گوادر خطے کی تمام بندرگاہوں میں منفرد مقام رکھتا ہے۔اقتصادی راہداری کے ابتدائی منصوبے اپنی تکمیل کے اہم مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، پاکستان اور چین کا یہ طویل المدتی منصوبہ دو طرفہ اقتصادی تعاون کو نئی جہت سے روشناس کرائے گا اور سماجی رابطوں کو بھی وسعت اور نئی بلندی ملے گی۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرتے ہوئے اسے راہداری کے دیگر روٹس کے ساتھ فعال کرنے کی ضرورت ہے۔اقتصادری راہداری کو صرف گزرگاہ کی سہولت کے طور پر نہیں لینا چاہیے، بلکہ بلوچستان میں صنعتی زونز اور اسپیشل اکنامک زونز کے قیام کے ذریعے صوبے کے قدرتی وسائل کی ترقی کے ساتھ ساتھ موجودہ بنیادی ڈھانچے کو راہداری کے ساتھ منسلک کرنے کی بھی ضرورت ہے۔