نیب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کیخلاف تحقیقات کا حکم دیدیا

نیب نے وزیر اعلیٰ پنجاب کیخلاف تحقیقات کا حکم دیدیا

لاہور: قومی احتساب بیورو(نیب ) نے ملتان میٹرو بس پراجیکٹ میں شہباز شریف کے خلاف کرپشن کے الزامات اور پاکستان ائیر لائنز(پی آئی اے) کے طیارے کی متنازع فروخت کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا۔
چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کے ڈائریکٹر جنرلز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دومعاملات پر ازخود نوٹس لے لیا اور کہا کہ تفتیش کا عمل دس ماہ کے اندر مکمل ہوجانا چاہیے۔چیئرمین نیب جاوید اقبال نے پی آئی اے کے طیارے کے فروخت کے حوالے سے پائے جانے والے تنازع پر حکام کو تفتیش کی ہدایت کی ہے۔جسٹس (ر) جاوید اقبال کے حکم کے مطابق پی آئی اے طیارے کے تنازع کی تفتیش کے لیے نیب کا متعلقہ دفتر انکوائری افسر تعینات کرے گا اور دس ماہ کے اندر ریفرنس دائر کرے گا۔
یاد رہے کہ رواں سال اگست میں ایک نجی ٹی وی نے وزیراعلیٰ شہباز شریف پر الزام عائد کیا تھا کہ انھوں نے ملتان میٹرو منصوبے سے کک بیکس کے ذریعے ایک کروڑ روپے سے زائد حاصل کرلیے ہیں۔شہباز شریف نے ایک پریس کانفرنس میں ان تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی کے خلاف اس طرح کے الزامات عائد کرنا کوئی 'مذاق' نہیں ہے۔جبکہ رواں سال کے اوائل میں پی آئی اے کے طیارے کو مبینہ طور پر حکام کی اجازت کے بغیر جرمن میوزیم کو فروخت کیا گیا تھا بعد ازاں پارلیمانی کمیٹی نے پی آئی اے کو اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی تھی۔