نثار عہدہ چھوڑ رہے ہیں اور نہ ہی پارٹی: ترجمان وزیراعظم

نثار عہدہ چھوڑ رہے ہیں اور نہ ہی پارٹی: ترجمان وزیراعظم

 اسلام آباد: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزیراعظم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوری جماعت ہے جس میں اختلاف رائے سب کا حق ہے اور اگر چودھری نثار نے ایسا کیا تو وہ بُرا کام نہیں۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ چودھری نثار وزیراعظم کے مخلص ساتھی اور پرانے رفیق ہیں اس لئے وہ نہ تو پارٹی چھوڑ رہے ہیں اور نہ عہدہ اس لئے وہ ساتھ ہیں اور ساتھ ہی رہیں گے۔

مصدق ملک کے مطابق نثار جو بات بھی کرتے ہیں وہ حکومت، وزیراعظم اور پارٹی کے مفاد میں کرتے ہیں۔وزیراعظم کے استعفے سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ کے لئے نئے ناموں کے سوال پر کہتا ہوں کہ تین ناموں پر اتفاق ہے اور وہ ہے نواز شریف، نواز شریف اور نواز شریف، وزیراعظم کسی صورت استعفیٰ نہیں دیں گے اور 4، 4 سیٹیں رکھنے والی جماعتوں کے کہنے پر استعفے کا جواز بھی نہیں بنتا۔

یاد رہے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے شام 5 بجے پنجاب ہاؤس میں اہم پریس کانفرنس کرنا تھی جو ملتوی کر دی گئی تھی۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے حالیہ سیاسی معاملات سمیت اپنے متعلق میڈیا میں ہونے والی قیاس آرائیوں پر تفصیلی بات چیت کرنی تھی۔ نثار نے (ن) لیگ سے ناراضگی کے باعث عہدے سے مستعفیٰ ہونے سمیت مختلف معاملات پر بھی بات کرنی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں