عید کی تعطیلات کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بارش کی پیش گوئی

عید کی تعطیلات کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بارش کی پیش گوئی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے عید کی تعطیلات کے دوران ملک کے بالائی علاقوں اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق (کل) پیر سے جمعہ کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ وقفے وقفے سے بارش جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح بدھ سے ہفتہ کے دوران زیریں سندھ اور مشرقی بلوچستان میں کہیں کہیں تیز ہواؤں،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا۔ تاہم (آج) اتوار کی شام/رات کو مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، کوہاٹ، بنوں، ژوب، قلات، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش/بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا جبکہ خضدار اور کراچی میں بعض مقامات پرہلکی بارش/بونداباندی ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خضدار میں 02 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

ہفتہ کو ملک کے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق سبی اور نوکنڈی میں درجہ حرارت47 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ گیا جبکہ دادو46، لاڑکانہ اور سکھر میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مصنف کے بارے میں