عمران خان پانامہ کیس کا فیصلہ جلد آنے کیلئے پر امید

عمران خان پانامہ کیس کا فیصلہ جلد آنے کیلئے پر امید

لاہور :  پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ ہفتے پانامہ کیس کا فیصلہ آ جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو ایک مرتبہ ہیلی کاپٹر کیس میں بھی قطری خط نے بچایا تھا اور اب کی بار بھی قطری خط منی لانڈرنگ کو بچانے کے لیے لایا گیا، عدالت میں یہ بات سامنے آئی کہ قطری شہزادہ گزشتہ 25 برس سے شریف خاندان کا بزنس پارٹنر ہے اور انہوں نے تمام قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پورٹ قاسم میں 200 ارب روپے کا ٹھیکہ اسی شہزادے کی کمپنی کو دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکمرانوں کا پیسہ، بزنس اور بچے ملک سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم پانامہ فیصلے کا انتظار کر رہی ہے اور امید ہے کہ انشاءاللہ آئندہ ہفتے اس کیس کا فیصلہ بھی آ جائے گا لیکن میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ کس دن آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بڑی دیر سے انتظار کر رہے ہیں کہ عدالت پانامہ کیس کا فیصلہ سنائےکیونکہ اس کیس کے فیصلے کے بعد ملک میں ایک نیا دور شروع ہو گا.

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حسین حقانی نے وہی بات کی جو میمو گیٹ میں ہوئی جب کہ پاناما ، میمو گیٹ اور ڈان لیکس ایک ہی چیز ہیں۔، حکمران خفیہ طور پر اپنی فوج کو برا بھلا کہتے ہیں اور پاک فوج کے خلاف باتیں ملک سے غداری ہے جب کہ ان کا مقصد پولیس کے ذریعے لوگوں پر دباؤ ڈالنا ہے کیوں کہ غریب طبقے کا واسطہ پولیس سے پڑتا ہے، حافظ آباد میں ایس پی پولیس شہبازشریف کے لیے ووٹ مانگ رہا تھا تاہم ناصر درانی نے خیبر پختونخوا میں پولیس کو مثالی بنادیا ہے۔