نوازشریف پر جھوٹے الزامات لگانے والوں کو 2018میں عوام جواب دیں گے، مریم اورنگزیب

نوازشریف پر جھوٹے الزامات لگانے والوں کو 2018میں عوام جواب دیں گے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے ، پوری دنیا اس کو ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہی ہے، نوازشریف پر جھوٹے الزامات لگانے والوں کو 2018میں عوام جواب دیں گے.پتہ نہیں عمران خان کب تک کتنا جھوٹ بولیں گے .عمران خان کو 2018میں ان کا جھوٹ نہیں بچاسکے گا.

ان خیالات کا اظہار وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر میں ریل سٹیٹ اور بلڈرز کی نمائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نمائش کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتی ہوں کہ انہوںنے اسلام آباد میں اتنی بڑی کامیاب نمائش کا انعقاد کیا ۔ ہماری لیے یہ بات قابل فخر ہے کہ دوبارہ سے پاکستان میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہورہا ہے یہ نمائش محض نمائش نہیں اس میں برطانیہ ، جرمنی ، ازبکستان ،ترکی ،دوبئی اور دنیا کے دیگر ممالک سے سرمایہ کاروں نے اپنے سٹال لگائے ہیں ۔ یہی ہمارا وہ وعدہ تھا کہ ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ عالمی دنیا کا پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اعتماد بڑھ رہا ہے پوری دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی ہورہی ہے ۔یہی وعدہ میاں نوازشریف نے 2013میں کیا تھا ۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے 2013میں وعدہ کیا تھا کہ اقتصادی ترقی کو بحال کریں گے ۔ دہشتگردی کے مسائل کو حل کریں گے وہ ملک جو 2013میں دیوالیہ ہورہا تھا آج پوری دنیا اس کو ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے رہی ہے ۔ عالمی اداروں کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔ اس وقت نہ صرف بیرونی سرمایہ کار بلکہ پاکستان کے سرمایہ کار بھی بیرون ملک سرمایہ کاری کررہے تھے ۔اب اقتصادی ترقی کا دوردوبارہ روشن ہورہا ہے انفراسٹکچر کے منصوبے مکمل ہورہے ہیں ۔ سی پیک کو دنیا گیم چینجرتسلیم کرتی ہے وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے تحفہ ہے ۔ پاکستان میں کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد کئے جارہے ہیں وہ وعدے جو ہم نے کئے تھے پایہ تکمیل کو پہنچ رہے ہیں ۔ روشن ، ترقی یافتہ ، اقتصادی طور پر مضبوط دہشتگردی سے پاک ، صحت مند اور تعلیم یافتہ پاکستان کا وعدہ پورا ہورہا ہے ۔ ہم قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنتا دیکھ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبے جو 70سالوں میں نہیں لگ سکے تھے 2018میں مکمل ہوں گے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے خواتین کو بااختیار بنایا ہے ۔ پاکستان کو صرف مثبت پہلوئوں سے دنیا میں پہچاناجاناچاہیے ۔انہوںنے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ہمارا خواب ہے اسی سے پاکستان ترقی کرسکتا ہے ۔ ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ نوازشریف وہ نام ہے کہ وہ جب بھی اقتدار میں آیا ملک نے ترقی کی ، قوم وزیراعظم سے محبت کرتی ہے اور وزیراعظم پاکستانی عوام کی خوشحالی ، اقتصادی ترقی بلکہ پورے خطے کے امن کو واپس لانے کی بات کرتے ہیں ۔ ایک لیڈر وزیراعظم نوازشریف ایسا ہے جس سے تمام سیاسی جماعتیں خوفزدہ ہیں کہ اگر ترقی کا سفر اسی طرح جاری رہا تو آنے والا وقت بھی نوازشریف کا ہی ہوگا۔