پاکستان متحدہ کسان محاذ کا بھارتی آبی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں تحریک چلانے کا اعلان کردیا

پاکستان متحدہ کسان محاذ کا بھارتی آبی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں تحریک چلانے کا اعلان کردیا

اسلام آباد: چاروں صوبوں کی کسان، ہاری، کاشتکار، آبادکاراورزمیندار تنظیموں کی نمائندہ کانفرنس میں بھارتی آبی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں تحریک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایکنک سے منظور شدہ بارہ ہزار ایکڑ فٹ کے آبی زخائر اور چالیس ہزار میگاواٹ پن بجلی کے منصوبوں پر فوری کام کا آغاز کیا جائے۔ پانی و بجلی کے منصوبوں پر حکومت ، بھارت، آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور امریکہ کے دبا ئوکا شکار نہ ہو۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان عالمی ثالثی عدالت جائے۔ صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم کے معاہدہ 1991پر مکمل عمل کیا جائے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان متحدہ کسان محاذ کے سربراہ ایوب خان میو نے کہا کہ حکمران آبی زخائر کی تعمیر نہ کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ ارسا چیئرمین کا بیان کہ پانی کی منصفیانہ تقسیم ممکن نہیں قابل مذمت ہے۔ حکومت ارسا کو سیاسی دبا سے آزاد کرے۔ ایوب میو نے اعلان کیا کہ 25جولائی کو آل پارٹیز آبی و توانائی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ 30اگست کو پاکستان بھر کی کسان، ہاری، زمیندار، آبادکار اور کاشتکار تنظیموں کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں ہوگا جبکہ سندھ طاس معاہدے کے 59 سال مکمل ہونے پر19اکتوبر کو عالمی بنک، اقوام متحدہ کو یاداشت پیش کرنے کے لئے ہزاروں کسان اسلام آباد پہنچیں گے ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین زمیندار ایکشن کمیٹی ملک نصیر جان شاھوانی نے کہاکہ پانی و بجلی کسانوں کی لائف لائن ہے، پانی و بجلی نے ملنے کی وجہ سے زراعت انحطاط کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پانی کو بطورہتھیارپاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے اور حکمران اپنے مفادات کی بنیاد پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ سندھ واٹر موومنٹ کے صدر محمد خان لغاری نے کہا کہ کشمیری ہمارے پانی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں اور حکمران خاموش ان پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم پر خاموش ہیں۔ پاکستان کسان کونسل کے صدر چوہدری طاہر رزاق گوجر نے کہا کہ بھارت اگر کلبوشن کے معاملے کو عالمی عدالت لے جاسکتا ہے تو پاکستان اپنے پانی کے حق کے لئے عالمی عدالت کیوں نہیں جا سکتا۔ کانفرنس سے ایگری فورم پنجاب کے صدر چوہدری احمد علی، اتحاد زمینداران و کاشتکار خیبر پختونخوا کے جانثار خلیل ، سندھ نیشنل تحریک برائے آبادگار کے چیئرمین اشرف نوناری ، سندھ آبادگار تنظیم کے عنایت اللہ ملکانی، کسان رہنما ڈیرہ بگٹی سردار طارق بگٹی، سردار فاروق دریشک ، حاجی محمد ابراہیم مہمند نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
 

مصنف کے بارے میں