اسلام دشمن عناصر پاکستان میں عوام کو گمراہ کررہے ہیں : محمود الرشید

اسلام دشمن عناصر پاکستان میں عوام کو گمراہ کررہے ہیں : محمود الرشید


لاہور:پنجاب اسمبلی میں ارکان اسمبلی نے بعض کمپنی کی جانب سے بلیک فرائیڈے کے عنوان سے اپنی مصنوعات کی قیمتوں میں رعایت اور مال روڈ سمیت مختلف مقامات پر بلیک فرائیڈے کے فلیکس لگانے اور اخبارات میں تشہیر کے خلاف شدید احتجاج کیا جبکہ اپوزیشن ارکان قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کی قیادت میں احتجاجا ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔


تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے بلیک فرائیڈے کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ جمعہ مبارک کا دن ہمارے لئے انتہائی مقدس دن ہے ، بعض اسلام دشمن عناصر پاکستان میں ہمارے نظریات اور مذہبی عقائد سے متعلق عوام کو گمراہ کرنے کے لئے ایسی حرکات کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیز سمجھ سے بالا تر ہے کہ حکمرانوں کو اس قدر بڑے بڑے لگے ہوئے فلیکس بینرز اور اشتہارات نظر کیوں نہیں آئے۔


انہوں نے کہا کہ جمعۃ المبارک کے دن کوانتہائی ہتک آمیز طریقہ سے منانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور یہ بینر ز اور فلیکس اتروائے جائیں اور اس جرم میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر فوری طور پر اس حوالے سے رولنگ دیں جب تک حکومت کی جانب سے بلیک فرائیڈ منانے والوں کے خلاف فوری کاررائی کا اعلان نہیں کیا جاتا وہ اجلاس کو نہیں چلنے دیں گے جبکہ اس موقع پر اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے میاں محمود الرشید کے مطالبہ کی من و عن حمایت کی اور مطالبہ کیا کہ بلیک فرائیڈے سے متعلق فلیکس لگانے والی کمپنیوں کے خلاف نہ صرف کارروائی کی جائے بلکہ انہیں بلیک لسٹ بھی کیا جائے۔