مشہور ترین سافٹ وئیر پینٹ کا عہد اختتام کے قریب

مشہور ترین سافٹ وئیر پینٹ کا عہد اختتام کے قریب

لندن: مائیکرو سافٹ ونڈو کے مشہور ترین سافٹ وئیر پینٹ کا عہد اختتام کے قریب ہے۔ اس بات کا اعلان کمپنی نے خود کرتے ہوئے بتایا کہ ونڈوز 10 کی نئی اپ ڈیٹ ریلیز ہونے کے بعد مستقبل قریب میں مائیکرو سافٹ پینٹ آپریٹنگ سسٹم سے ہٹا دیا جائے گا۔ اس امیج ایڈیٹنگ سافٹ وئیر کو کمپنی نے deprecated فیچر قرار دیا ہے اور مستقبل کی اپ ڈیٹس میں اسے ہٹایا جا سکتا ہے۔

یہ سافٹ وئیر مائیکرو سافٹ کے پہلے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ 1985 میں متعارف کرایا گیا تھا اور 32 سال بعد اس کا عہد ختم ہونے جا رہا ہے۔ مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 10 فال اپ ڈیٹ رواں سال کی آخری سہ ماہی کے دوران ریلیز کی جائے گی۔ شروع سے پینٹ کے محدود فیچرز کے باوجود صارفین اسے استعمال کرتے رہے ہیں اور کمپیوٹر میں تصاویر بنانے کے لیے پہلے تجربے کے حوالے سے بیشتر صارفین کے لیے اس پروگرام کی اہمیت سے انکار بہت مشکل ہے۔

ویسے مائیکرو سافٹ کی جانب سے اس سافٹ وئیر کے خاتمے کا اعلان زیادہ حیران کن بھی نہیں کیونکہ وہ اس سافٹ وئیر کا زیادہ بہتر ورژن پینٹ تھری ڈی اس سال کے شروع میں متعارف کرا چکا ہے اور ابھی یہ واضح نہیں کہ مائیکرو سافٹ پینٹ کو کب تک ونڈوز سے مکمل طور پر ہٹایا جائے گا کیونکہ کمپنی نے کسی ٹائم فریم کا اعلان نہیں کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں