برطانیہ نے امریکا کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ معطل کر دیا

برطانیہ نے امریکا کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ معطل کر دیا

لندن :اطلاعات کے مطابق برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں پیر کے روز ہونے خودکش حملے کے بعد کی تصویریں منظر عام آنے کے بعد برطانوی پولیس نے امریکا کے ساتھ معلومات کا تبادلہ عارضی طور پر روک دیا ہے۔ برطانوی پولیس کے تر جمان کے مطابق وہ مانچسٹر میں مبینہ خودکش حملہ آور کے نیٹ ورک کی تلاش میں ہے۔پولیس نے مبینہ خودکش حملہ سے تعلق کے شبہے میں مزید لوگوں کو گرفتار یاں عمل میں لے کے آئی ہے۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق بم حملے کی معلومات امریکہ کو نہ دینے کا فیصلہ اس حملے کے بعد کی تصاویر امریکی میڈیا میں جاری کیے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔برطانیہ کے حکام نے حملے کے مقام پر ملبے کی تصاویر نیو یارک ٹائمز میں شائع ہونے کے بعد ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔اس سے پہلے حملہ کرنے والے خود کش بمبار سلمان عبیدی کا نام بھی 24 گھنٹوں کے بعد امریکی میڈیا میں جاری کر دیا گیا تھا۔
برطانوی وزیرِ اعظم جمعرات کو نیٹو کے اجلاس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات میں اس حوالے سے برطانیہ کے خدشات کا اظہار کریں گی۔اب تک اس حملے کے بعد برطانیہ میں آٹھ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ جبکہ مانچسٹر میں خودکش حملہ کرنے والے شدت پسند سلمان عبیدی کے والد رمضان اور چھوٹے بھائی ہاشم کو لیبیا میں ملیشیا نے حراست میں کے لیا ہے۔
یاد رہے مانچسٹر ایرینا میں ایک کنسرٹ کے بعد ہونے والے اس حملے میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے 12 کی شناخت کی جا چکی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں