عمران خان عدلیہ کے فیصلے کی مسلسل توہین کر رہے ہیں: مریم اورنگزیب

عمران خان عدلیہ کے فیصلے کی مسلسل توہین کر رہے ہیں: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا 2013 کے الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگاتے وقت عمران بھول گئے تھے کہ کچھ سیٹیں وہ بھی جیتے ہیں۔ اس کے باوجود تحریک انصاف کو دھرنا دینا ہی تھا اور اب نیا تاثر ہے کہ عدلیہ کے فیصلے کو متنازع بنایا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ یہ پہلے توہین کرتے ہیں اور پھر الیکشن کمیشن میں معافی مانگتے ہیں۔

عمران خان نے اداروں کو گالیاں اور اداروں کو گالیاں دینے کی سیاست شروع کی اور یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ اداروں کی تضحیک کر سکتے ہیں اور دباؤ ڈال کر اپنی پسند کے فیصلے کرا سکتے ہیں جبکہ عمران خان دھرنے کے دوران انگلی اٹھنے کا انتظار کرتے رہے۔ مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے خیبر پختنوخوا میں 90 دن میں احتساب کا نعرہ لگایا لیکن احتساب کمیشن کو تالا لگا دیا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات نے کہا عمران خان میں اخلاقی جرات ہے تو 10 ارب روپے آفر کی تفصیل بتا دیں۔ کون سا شخص عمران خان کو 10 ارب روپے دے گا۔ وہ خود ہی اپنی قیمت لگا رہے ہیں اور اپنی نیلامی کر رہے ہیں۔ عمران خان کا ہر لفظ ہمارے فائدے میں اور ان کے اپنے نقصان میں ہوتا ہے اور ان کے مطلب کا فیصلہ نہ ہو تو کہتے ہیں قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا وزیراعظم کو علم تھا الزامات جھوٹے ہیں پھر بھی انہوں نے 3 نسلوں کا حساب دیا۔ 22 اپریل 2016 کو وزیراعظم نے خود سپریم کورٹ کو خط لکھا۔ عمران خان نے سپریم کورٹ میں جھوٹے دستاویز دیے اور ان کی جانب سے گزشتہ 4 سال میں لگائے گئے الزامات کو اعلیٰ عدلیہ نے مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی جس پر ڈی جی آئی ایس پی آر کو بیان دینا پڑا اور  سپریم کورٹ کے فیصلے کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔ چیف جسٹس کو خود کہنا پڑا کہ فیصلوں کو متنازع نہ بنائیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں