سندھ احتساب بل 2017، صوبائی اسمبلی نے منظوری دیدی

سندھ احتساب بل 2017، صوبائی اسمبلی نے منظوری دیدی

کراچی: سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی صدارت میں ہوا۔ سندھ احتساب بل 2017 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی اور اس بل کی منظوری کی تحریک پیش کی گئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سید سردار احمد نے بل کی مخالفت کی اور کہا کہ احتساب بل آئین کے آرٹیکل ایک سو تینتالیس سے متصادم ہے۔ ابھی طے نہیں ہوا کہ اس آرٹیکل کے تحت احتساب اتھارٹی بن سکتی ہے یا نہیں۔ احتساب بل پر اپوزیشن کا اعتراض برقرار ہے۔

ایوان نے سندھ احتساب بل پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ منظور کر لی اور بل ایوان میں منظوری کے لئے پیش کیا گیا جس پر اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے واک آئوٹ کیا۔ ایوان نے اپوزیشن کی عدم موجودگی میں بل کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئین انہیں قانون سازی سے نہیں روکتا اور نیب کا متبادل قانون لانا دائرہ اختیارات میں ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے شدید تنقید کی گئی۔ فنکشنل لیگ کی رہنما نصرت سحر عباسی  نے کہا کہ خدارا آنے والی نسلوں کے لئے سوچیں جبکہ فیصل سبزواری اس نئے بل کو بدعنوانوں کو چھپانے کی کوشش قرار دے دیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں