گالے ٹیسٹ : شیکھر دھون کے کیچ نے سری لنکن کھلاڑی کو میچ سے باہر کر دیا

گالے ٹیسٹ : شیکھر دھون کے کیچ نے سری لنکن کھلاڑی کو میچ سے باہر کر دیا

گالے : سری لنکا اور بھارت کے مابین جاری ٹیسٹ میچ کے دوران سری لنکن کھلاڑی اسیلا گونارتنے شدید زخمی ہوگئے جنہیں سرجری کیلئے فوراً ہسپتال روانہ کر دیا گیا ہے۔ اس انجری کے باعث پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم 10 کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی ہے۔
سری لنکن سٹار مڈل آرڈر بلے باز اسیلا گونارتنے سلپ میں فیلڈنگ کر رہے تھے کہ اس دوران بھارتی اوپنر شیکھر دھون کے بلے سے نکلنے والا کیچ ان کی جانب بڑھا۔ گونارتنے نے ڈائیو لگا کر کیچ پکڑنے کی کوشش کی تاہم گیند ان کے انگوٹھے پر جا لگی جس کے باعث وہ زخمی ہو گئے اور درد کے مارے گراؤ نڈ میں ہی لیٹ گئے۔ کیچ پکڑنے کی کوشش میں ان کے بائیں ہاتھ کا انگوٹھا زخمی ہوا ہے جبکہ اسی ہاتھ کی کلائی پر پہلے ہی پٹیاں چڑھی ہوئی تھیں جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی کلائی میں بھی درد موجود تھا۔ گیند لگتے ہی طبی عملہ گراؤنڈ کی جانب دوڑا جنہیں اندازہ ہوا کہ ان کے انگوٹھے کو فوری سرجری کی ضرورت ہے جس پر انہیں کولمبو کے ہسپتال بھیج دیا گیا۔