بالی ووڈکے کئی ستارے دیکھے گئے جنہوں نے آغاز تو بہت کامیاب کیا, بہت جلد ہی کہیں گم ہوگئے

با لی وڈ کی دنیا ایک خواب سی ہے جہاں ہر روز اداکاروں کی قسمت کا فیصلہ کیا جاتا ہے

 بالی ووڈکے کئی ستارے دیکھے گئے جنہوں نے آغاز تو بہت کامیاب کیا, بہت جلد ہی کہیں گم ہوگئے

با لی وڈ کی دنیا ایک خواب سی ہے جہاں ہر روز اداکاروں کی قسمت کا فیصلہ کیا جاتا ہے، کوئی اس امتحان میں کامیابی کی سیڑھی چڑھتا چلا جاتا ہے تو کوئی بھیڑ میں کہیں گم ہی ہوجاتا ہے۔ویسے تو ایسا مانا جاتا ہے کہ بولی وڈ میں کامیاب ڈیبیو کرنے والے اداکار لمبی ریس کے گھوڑے کی طرح ہوتے ہیں، جو طویل عرصے تک کامیاب فلموں میں کام کرکے مداحوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔تاہم ہر کسی کا مقدر دپیکا پڈوکون جیسا نہیں، جنہیں بولی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کے ہمراہ فلم 'اوم شانتی اوم' سے بولی وڈ میں انٹری دینے کا موقع ملا اور آج ان کا شمار دنیا کی کامیاب اور امیر ترین اداکاراوں میں کیا جارہا ہے۔

لیکن بولی وڈ کی تاریخ میں ایسے بھی کئی ستارے دیکھے گئے جنہوں نے آغاز تو بہت کامیاب کیا، جس کے بعد ان کے مداح ان کی فلمیں دیکھنے کو بے تاب رہے، تاہم وہ بہت جلد ہی کہیں گم ہوگئے اور اپنے مداحوں کی امیدوں کو توڑ دیا۔ایسے ہی بولی وڈ کے چند 'گمشدہ' ستارے آج بھی یاد کیے جا سکتے ہیں۔

گریسی سنگھ:
کامیاب بولی وڈ فلم 'لگان' میں عامر خان کے مدمقابل ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی گریسی سنگھ نے فلم 'منا بھائی ایم بی بی ایس' میں بڑی شہرت حاصل کی، تاہم بعد ازاں وہ بھی بولی وڈ فلموں سے دور ہوگئیں

راہول روئے: بولی وڈ فلم 'عاشقی' کے ساتھ زبردست آغاز کرنے والے اداکار راہول روئے، اس کامیابی کو دوبارہ دھرانے میں ناکام رہے اور جلد ہی فلمی دنیا سے باہر ہوگئے۔

عائشہ جھلکا: بولی وڈ اداکارہ عائشہ جھلکا نے کامیاب فلم 'جو جیتا وہی سکندر' میں عامر خان کے ہمراہ کام کیا، انہوں نے اکشے کمار کے ساتھ بھی فلم 'کھلاڑی' میں کام کیا تھا، بہترین اداکار اور خوبصورتی کے ساتھ اداکارہ نے بولی وڈ میں خود کو منوا لیا تھا تاہم سمیر وسائی نامی شخص سے شادی کے بعد انہوں نے بولی وڈ کو خیرباد کہہ دیا۔

ممتا کلکرنی: بولی وڈ کی ایک دور میں کامیاب اداکارہ سمجھی جانے والی ممتا کلکرنی نے کم عمری سے ہی بولی وڈ فلموں میں کام کا آغاز کردیا، 90 کی دہائی میں انہوں نے کئی کامیاب اداکاروں کے ساتھ کام کیا جن میں عامر خان، شاہ رخ خان اور سلمان خان شامل ہیں، تاہم بعد ازاں انڈر ورلڈ کے ساتھ منسلک ہونے کی خبروں نے ممتا کا کیریئر ختم کردیا اور وہ بھارت چھوڑ کر چلی گئیں۔