ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہو گا

ملک بھر میں پہلا روزہ کل ہو گا

 لاہور: رحمتیں اوربرکتیں سمیٹنے  کا ماہ مبارک آن پہنچا اور ملک بھر کے کروڑوں مسلمان کل پہلاروزہ رکھیں گے۔ رمضان المبارک کے حوالے سے تیاریاں بھی عروج پر ہیں۔ مساجد میں آج سے نماز تراویح کا سلسلہ بھی شروع ہو جائے گا جس کے لیے بھرپور انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب ملک میں ایک ہی دن روزے اور عید کا خواب پھر ادھورا رہا کیونکہ پشاور میں آج پہلا روزہ ہے۔ مفتی پوپلزئی ایک ہی دن روزہ رکھنے میں پھر رکاوٹ بن گئے۔

مسجد قاسم کے خطیب نے آج خیبرپختونخوا میں روزہ رکھنے کا اعلان کر دیا۔ پشاور کی مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کا کہنا ہے صوبہ بھر سے 30سے زائد شہادتیں موصول ہوئیں۔ ادھر خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان المبارک کے حوالے سے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا۔

سرکاری اور غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹیوں کے درمیان اختلافات نئی بات نہیں۔ یہ سلسلہ برسوں سے جاری ہے اور دونوں کمیٹیوں کی جانب سے ایک دوسرے کی شہادتوں کو تسلیم کرنے سے انکار کیا جاتا رہا ہے۔ یوں تو چارسدہ، مردان اور خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں مقامی طورپر رویت ہلال کی بہت سی کمیٹیاں قائم ہیں جو ہر سال اپنے طور پر فیصلے کرتی رہی ہیں تاہم ان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی کمیٹی کو سب سے زیادہ بااثر خیال کیا جاتا ہے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے تقریباً 70 سے 80 فیصد لوگ مفتی پوپلزئی کی کمیٹی کے اعلان کے مطابق ہی رمضان کا آغاز کرتے ہیں اور عید الفطر مناتے ہیں، اس کمیٹی کے صوبہ کے دیگر اضلاع کی کمیٹیوں کے ساتھ بھی رابطہ قائم ہے۔

مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی مسجد قاسم علی خان مبینہ طور پر گزشتہ تقریباً دو صدیوں سے رمضان کی آمد اور عید الفطر کے حوالے سے فتوے جاری کر رہی ہے۔ یہی نہیں بلکہ پوپلزئی خاندان پچھلے 80 سالوں سے اس مسجد کا انتظام بھی سنبھالتا آ رہا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں