مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ظالمانہ کارروائیاں بند کرائی جائیں، پاکستان

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ظالمانہ کارروائیاں بند کرائی جائیں، پاکستان

اسلام آباد: مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتریز کو ایک خط لکھا ہے جس میں بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کے منشور اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے بارے میں بین الاقوامی معاہدوں اور کنونشن کی کھلی خلاف ورزی کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔نیو یارک میں پاکستان کے مستقل مشن کی جانب سے بھجوائے گئے خط کو سلامتی کونسل کے تمام رکن ممالک کے درمیان تقسیم کیا گیا۔

خط میں مشیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہلاکتوں اور سینکڑوں کشمیریوں کو اندھا کرنے سمیت انسانی حقوق کی صورتحال طویل عرصے سے ایک تشویشناک مسئلہ ہے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارت، پاکستان اور بھارت کیلئے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں کمیشن کی قراردادوں کا احترام نہیں کر رہا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ جموں و کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور ستر سال قبل کشمیریوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے۔

سر تاج عزیز نے کہا کہ اس تنازع کے حل سے نہ صرف جموں و کشمیر کے لاکھوں افراد کی مشکلات کا خاتمہ ہو گا بلکہ جنوبی ایشیاء کے خطے میں بھی امن واستحکام آئے گا۔

 

یاد رہے آج بھی مقبوضہ وادی میں بھارتی فورسز کی فائرنگ سے سبزار احمد سمیت 13 نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا۔سبزار بٹ شہید برہان وانی کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جاری مسلح تحریک آزادی کے روح رواں سمجھے جاتے تھے۔ اس سے قبل بھی سبزار کو نشانہ بنانے کیلئے بھارتی فوج کئی آپریشن کر چکی تھی جس میں سبزار بچ نکلتے تھے۔ 

واضح رہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں 8 جولائی 2016 کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہانی وانی کی فورسز کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد سے جدوجہد آزادی کی نئی لہر اٹھی تھی جو اب تک جاری ہے۔

اس کے بعد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تین ماہ سے زائد عرصے تک کرفیو نافذ رہا جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ اسکولز، دکانیں، دفاتر اور پٹرول پمپس وغیرہ بند رہے۔ ہندوستانی فوج نے وادی کشمیر میں پیلٹ گنوں سے 700 سے زائد کشمیریوں کو بینائی سے محروم کر دیا تھا۔

کشمیر سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان نے عالمی سطح پر آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا تھا اور 21 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے بھرپور طریقے سے کشمیر میں بھارتی مظالم کا تذکرہ کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں