سعودی عرب میں غیر ملکیوں پر دو سے زائد موبائل سیمیں رکھنے پر پابندی عائد

سعودی عرب میں غیر ملکیوں پر دو سے زائد موبائل سیمیں رکھنے پر پابندی عائد

ریاض: ہمارے ہاں دہشت گردی کے خلاف جاری مہم کے دوران غیر قانونی موبائل فون سموں کا خاتمہ کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی، اور یہ اقدام بہت سود مند بھی ثابت ہوا۔

اب سعودی عرب نے بھی یہی حکمت عملی اپناتے ہوئے صارفین کے نام جاری ہونے والی سموں کی تعداد محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد دہشتگردی اور شدت پسندی پر قابو پانا بتایاگیا ہے۔

نئے ضوابط کے مطابق غیر ملکی شہریوں، جو کہ کل آبادی کا ایک تہائی حصہ ہیں، کے نام پر دو سے زائد پری پیڈ سمیں جاری نہیں ہو سکیں گی۔ یہ پابندی وائس اور ڈیٹا لائن پر یکساں عائد ہوگی۔ سعودی شہریوں کو 10 سموں کی اجازت ہو گی۔

کمیونیکیشنز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشنز کا کہنا ہے کہ یہ ایک عارضی اقدام ہے جس کا مقصد غیر قانونی سموں کی تعداد کا خاتمہ ہے۔ ان سموں کا استعمال دہشتگردی اور دیگر جرائم میں کیا جاتا ہے، لہٰذا ان پر قابو پانا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے حکومت کمپنیوں کو یہ ہدایت بھی جاری کرچکی ہے کہ صارفین کے فنگر پرنٹ لئے جائیں تاکہ ہر سم کارڈ کو مصدقہ شناخت کے ساتھ منسلک کیا جاسکے۔