مولانا محمد سعید یوسف کی صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے ملاقات

مولانا محمد سعید یوسف کی صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان سے ملاقات

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کی قیادت میں حکومتی ٹیم نے آزاد کشمیر کے تمام پسماندہ علاقوں کی ترقی ، شاہرات کی بہتر ی اور پختگی ، صحت کی سہولیات اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے جامع منصوبہ بندی کر لی ہے ۔ یونیورسٹیوں اور دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنایا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر کے امیر مولانا محمد سعید یوسف کی زیر قیادت سب ڈویژن منگ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد میں سردار شوکت علی ، سردار خادم حسین ، حافظ ذولقرنین ، سردار الطاف ، سردار مسعود خان اور حاجی رشید خان شامل تھے ۔ وفد کے سردار مولانا سعید یوسف نے کہا کہ یونیورسٹی آف پونچھ کے سبز علی و ملی خان منگ کیمپس میں اس وقت اڑھائی سو طلباء زیر تعلیم ہیں۔ یہ کیمپس اپنے نام کی وجہ سے ہماری تاریخ سے وابستہ ہو گیا ہے ۔ بعض عناصر اس کیمپس کو بند کرنے اور اسے واپس راولاکوٹ لے جانے کی سازش کر رہے ہیں ۔ سبز علی و ملی خان کیمپس کو مستقل اور مستحکم بنانے کے لیے وہاں نئے شعبے کھولے جائیں ۔ اور نئے مضامین پڑھائے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپس کے لیے 150 کنال رقبہ ایوارڈ ہو چکا ہے ۔ لیکن وہ پہاڑی اور پتھریلا ہے ۔ وہاں عمارات کی تعمیر کے لیے موزوں جگہ کم ہو گی ۔ اس وقت کیمپس کی موجودہ عمارت کے ارد گر د محکمہ زراعت کی 50 کنال اراضی موجود ہے ۔ جہاں زراعت سے متعلقہ کوئی کام نہیں ہو رہا ۔ اس لیے مناسب ہو گا وہ اراضی کیمپس کو منتقل کر دی جائے ۔ انہوں نے منگ تھوراڑ سٹرک کی بہتری ، پلندری میں مکمل یونیورسٹی ، قاضی حضرات اور ججوں کی تنخواہوں اور مراعات میں تفاوت ختم کرنے ، منگ ہسپتال کی حالت زار بہتر بنانے اور دیگر مسائل کی نشاندہی کی ۔ صدر آزاد کشمیر نے وفد کے مطالبات کو ہمدردی سے سنا اور یقین دلایا کہ وہ کیمپس کے حوالے سے وائس چانسلر پونچھ یونیورسٹی اور متعلقہ حکام سے مشاورت کریں گے ۔ کیمپس کو کسی صورت ختم نہیں کیا جا سکتا ۔ نئے شعبے کھولنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ ہسپتال اور سڑکوں کے حوالے سے متعلقہ وزراء سے بات کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے ۔ مظفرآباد تا میرپور موٹروے منگ تھوراڑ کے قریب سے گزرے گی ۔ اس کے ساتھ ملانے والے سڑکوں کی نشاندہی کی جائے تاکہ منگ تھوراڑ کا اس موٹروے سے لنک ہو سکے ۔ اس موقع پر وفد کے ارکان نے صدر آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کیا اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سردار مسعود خان کی کوششوں کی تعریف کی ۔

مصنف کے بارے میں