سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس کے 121 افسران کی تنزلی کا حکم دے دیا

سپریم کورٹ نے پنجاب پولیس کے 121 افسران کی تنزلی کا حکم دے دیا

اسلام آباد: جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پنجاب پولیس کے افسران کی تنزلی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ آوٹ آف ٹرن پروموشن سے متعلق افسران بتائیں کہ فیصلہ لینا ہے یا ریٹائرمنٹ۔ بہتر ہے افسران ریٹائرمنٹ لے لیں ہم نے فیصلہ دیا تو افسران کو مشکل ہو گی جو لوگ چھلانگ لگا کر آگے آئے ہیں انھیں واپس جانا ہو گا۔

فیصلوں سے متعلق جواب اللہ کو دینا ہے ہم کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کر سکتے۔ جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے ایڈووکیٹ جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ آپ کو اور آپکے وزیر قانون کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے۔

سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب کی رپورٹ درست قرار دیتے ہوئے آوٹ آف ٹرن پروموشن لینے والے افسران کی ترقیاں ختم کر دیں جبکہ 121 پولیس افسران کی شولڈر پروموشن واپس کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا۔

عدالت نے پنجاب پولیس کے افسران کی تنزلی سے متعلق ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پنجاب پولیس کے متاثرہ افسران کی درخواستیں خارج کر دیں۔