پانامہ کیس : جے آئی ٹی نے حسین نواز کو آج طلب کر لیا

پانامہ کیس : جے آئی ٹی نے حسین نواز کو آج طلب کر لیا

اسلام آباد:پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے وزیر اعظم پاکستان کے صاحبزادے حسین نواز کو آج بروز اتوارکو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے لئے نوٹس جاری کردیا ہے۔جے آئی ٹی پہلی مرتبہ اتوار کو بھی اپنا اجلاس کرے گی.دوسری طرف حسین نواز نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی تفتیش کے لئے قائم جے آئی ٹی نے وزیر اعظم پاکستان کے صاحبزادے حسین نواز کو نوٹس جاری کردیا ہے ۔ انہیں آج صبح جے آئی ٹی میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹس میں حسین نواز کو جے آئی ٹی کے سامنے اپنا موقف پیش کرنے کے لئے طلب کیا گیا ہے، واضح رہے کہ جے آئی ٹی نے حسین نواز کو پہلی بار25مئی کو طلب کیا تھا، جبکہ سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی تحقیقات کے تحت کیس کی سماعت پیر کو کرے گی۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے حسین نواز کو ہدایت جاری کی تھی کہ جے آئی ٹی انہیں جب طلب کرے وہ ان کے سامنے پیش ہوں۔ حسین نواز کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے جبکہ اس سے قبل جے آئی ٹی نے حسین نواز کو پانامہ کیس میں طلبی کا نوٹس اور سوالنامہ بھی بجھوایا تھا ۔پانامہ کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم حسین نواز سے ان کی لندن میں جائیداد اور اثاثوں کی بابت پوچھ تاچھ کرے گی۔