نواز شریف نے پوری دنیا کا دباؤ مسترد کر کے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا،سعد رفیق

نواز شریف نے پوری دنیا کا دباؤ مسترد کر کے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا،سعد رفیق

لاہور: یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے ایک بار پھر سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ انکا کہنا تھا کہ ہم نے مخالفین کی گالیاں سنیں لیکن گالی کا جواب گالی میں کبھی نہیں دیا۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نواز شریف نے پوری دنیا کا دباؤ مسترد کر کے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اب انہوں نے ملک میں معاشی دھماکہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تقریب میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے نعرہ بازی کی اور کہا کہ دیرینہ کارکنوں کی کوئی آواز نہیں سنتا ،لیکن وفاقی وزیر نے ان کی بات سنی ان سنی کر دی اور تقریر کر کے چلتے بنے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےانکا مزید کہنا تھا کہ میں پھر کہتا ہوں عمران خان آگ سے کھیل رہے ہیں ،عمران خان اسی ٹہنی کو کاٹ رہے ہیں جس پر بیٹھے ہیں، ہم مجبوراً عدالت گئے اور ہمیں جوابی طور پر عدالت جانا پڑا ،ذوالفقار علی بھٹو اور یوسف رضا گیلانی کے ساتھ کیا کیا گیا ؟۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فرسٹ کے نام سے ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ،نومولود سیاسی کھلاڑی سیاست کو نقصان پہنچا رہے ہیں ۔ہمیں سازش کے تحت رسوا کیا جا رہا ہے ،پہلے منی لانڈرنگ کا الزام لگا اور پھر کمیشن اور کک بیک کے الزامات لگائے مگر اب کوئی بات نہیں کرتا ۔
ان کا کہناتھا کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ دودھ اور شہد کی نہریں بہا دی ہیں تاہم نواز شریف کو کام کرنے دیتے تو غربت کے اندھیرے چھٹ چکے ہوتے ،نواز شریف نے ملک میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرایا ،ہم کیسے کرپٹ ہیں جو ٹیکنالوجی لے کر آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کے بچوں سے حساب مانگا گیا ،میاں صاحب کے بچے اب بچے نہیں آگے سے ان کے بھی بچے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو کام کرنے دیتے تو غربت کے اندھیرے چھٹ چکے ہوتے،1990اگر نواز شریف کو کام کرنے دیا جاتا تو آج پاکستان کہیں اور ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا کارکردگی سے مظاہرہ کرو ،کے پی کے اور سندھ نے کتنی بجلی پیدا کی ؟۔سعد رفیق نے کہا کہ آج کراچی کا امن واپس آگیا ہے دہشت گرد وں کی کمر ٹوٹ گئی ہے.

مصنف کے بارے میں