ایپل آئی فون ایکس 63 لاکھ میں فروخت کیلئے پیش

ایپل آئی فون ایکس 63 لاکھ میں فروخت کیلئے پیش

نیویارک: دنیا کے مختلف ممالک میں امریکی کمپنی ایپل کے آئی فون ایکس کی پری بکنگ کا آغاز ہو گیا اور ایک گھنٹے کے اندر ہی اسٹاک ختم ہوگیا یا ان کی ڈیلیوری دو ہفتے کی بجائے چھ ہفتوں تک جا پہنچی۔
اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پری آرڈر میں کامیابی حاصل کرنے والے کسی ایک شخص نے فائدہ اٹھانے کا سوچا اور آن لائن اشیاء فروخت کرنے والی سائٹ ای بے میں ایپل کے اس ری ڈیزائن آئی فون کے پری آرڈر کو ہی 59 ہزار 999 ڈالرز (63 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کے لیے پیش کردیا۔اب اسے اس سیلر کی حماقت کہا جائے یا ہوشیاری، مگر اگر کوئی اسے خریدتا ہے تو وہ ضرور احمق کہلائے گا۔

آئی فون ایکس کے 256 جی بی کا ماڈل ایپل نے 1150 ڈالرز (ایک لاکھ اکیس ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کے لیے پیش کیا ہے، یعنی ای بے میں اس کی قیمت میں 5100 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔اور حیران کن بات یہ ہے کہ اس شخص نے یہ ضمانت بھی نہیں دی کہ یہ آئی فون ایکس 60 ہزار ڈالرز میں خرید بھی لیا جائے تو یہ اس کے لانچ ڈے یعنی تین نومبر کو مل سکے گا۔ایپل نے جلد ڈیلیوری کا وقت بھی تیس اکتوبر سے تیرہ نومبر تک رکھا ہے، جبکہ اس پری آرڈر میں کامیابی حاصل کرنے والے شخص نے جو اسکرین شاٹ لگایا ہے، اس کے مطابق وہ یہ فون سترہ سے چوبیس نومبر میں ہی حاصل کرسکے گا۔