نیوز لیکس پر چودھری نثار فوری طور پر استعفیٰ دیں، خورشید شاہ

نیوز لیکس پر چودھری نثار فوری طور پر استعفیٰ دیں، خورشید شاہ

سکھر: قائدحزب اختلاف خورشید شاہ بھی معاملے پرکھل کر بول پڑے۔ ڈان لیکس کا حکومتی نوٹیفکیشن مسترد کرتا ہوں۔ چوہدری نثار کا عہدے پر رہنے کاجواز نہیں بنتا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ ڈان لیکس کے سلسلے میں جو بات سامنے آئی وہ بہت افسوسناک ہے،  آئی ایس پی آر نے حکومتی رپورٹ کو مسترد کیا ہے، نیوز لیکس پر جو کچھ ہوا افسوسناک ہے، وزیر داخلہ اب کونسی رپورٹ جاری کرنا چاہتے ہیں، ڈان لیکس پاکستان کی سکیورٹی کا معاملہ ہے اور  پاناما پر وزیراعظم کی موجودگی میں جے آئی ٹی کا فیصلہ صحیح نہیں آسکتا۔

بھارتی بزنس مین جندال سے وزیر اعظم کی ملاقات کو شدیدتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے اس طرح چھپ چھپ کر ملنے سے شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں ۔ یہ ڈپلومیسی نہیں بلکہ فنانشل ڈپلومیسی تھی، وزیر اعظم اپنی کاروباری سلطنت کو بڑھانے کے لئے ملاقاتیں کر رہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کر رہا ہے جبکہ وزیر اعظم کے بھارتی دوست ان کی سالگرہ کی تقاریب اور منگنیوں میں بطور مہمانان خصوصی شرکت کرتے ہیں۔ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی رویہ اپنایا جارہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی مصنوعات کو بھارت میں جلایا جا رہا ہے اور ہمارے حکمران چھپ چھپ کر اپنے کاروباری دوستوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ ہمارے وزیراعظم بزنس مین سے چھپ کرملتے ہیں توشکوک وشبہات واضح ہوجاتے ہیں۔