کبڑے پن کے سیکڑوں مریضوں کا کامیاب علاج

کبڑے پن کے سیکڑوں مریضوں کا کامیاب علاج

کبڑے پن کے سیکڑوں مریضوں کا کامیاب علاج

پشاور : ایچ ایم سی میں کبڑے پن کے سیکڑوں مریضوں کاکامیاب علاج جاری ہے، ابتدائی عمر میں کبڑے پن کا علاج ہوسکتا ہے، ریڑھ کی ہڈی کے آپریشن کے سبب مفلوج ہونے کا پایا جانے والا تاثر غلط ہے، 2016ءمیں ہونے والے تمام 480 آپریشن کامیاب رہے۔

پروفیسر ڈاکٹر  محمد عارف کا کہنا ہے کہ غریب لاچارمریضوں کے آپریشن کے اخراجات برداشت کرنے میں پاکستان بیت المال کا کردار مثالی ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس(ایچ ایم سی) کے شعبہ آرتھوپیڈک اورسپائن سرجری کے انچارج پروفیسر ڈاکٹر محمد عارف نے کہا ہے کہ ایچ ایم سی میں کبڑے پن کا علاج گزشتہ پانچ سالوں سے جاری ہے اور اب تک سیکڑوں مریضوں کا کامیاب علاج ہوچکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام میں پایا جانے والا یہ تاثر غلط ہے کہ ریڑھ کی ہڈی کے آپریشن سے فالج کے حملہ کاخطرہ ہے،  سال 2016ءکے دوران ایچ ایم سی میں ریڑھ کی ہڈی کے 480آپریشن ہوئے، جو کہ تمام کے تمام کامیاب رہے اور مفلوج ہونے کا کوئی واحد کیس سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ اسپائن سرجری دوسری آپریشن کے مقابلے میں زیادہ وقت طلب ہے اور بعض اوقات اس کا دورانیہ دس سے بارہ گھنٹے تک جا پہنچتا ہے، تاہم ایچ ایم سی میں موجود جدید ترین مشینری کے باعث آپریشن کے دوران پیچیدگیاں پیدا ہونے کے امکانات نہ ہونے کی برابر ہیں۔