بھارتی کھلاڑی کے چھکے سے تماشائی شدید زخمی

بھارتی کھلاڑی کے چھکے سے تماشائی شدید زخمی

بنگلورو: بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر ہردیک پانڈیا نے زوردار چھکا لگاکر تماشائی کو شدید زخمی کر دیا۔ رپورٹس کے مطابق بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بنگلورو شہر میں ہونے والے میچ کے دوران بھارتی کرکٹر ہردیک پانڈیا نے اتنا زوردار چھکا مارا کہ گیند اسٹیڈیم میں بیٹھے تماشائی کے منہ پر جاکر لگی جو زوردار چوٹ سے ہل کر رہ گیا۔ کرکٹ کے 24 سالہ پرستار توسیت اگروال کے چہرے پر 3 انچ گہرا گھاو لگا جب کہ نچلے جبڑے کے دانت بھی ہل گئے۔ تماشائی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی۔
توسیت اگروال نے بتایا کہ اس نے گیند سے بچنے کی کوشش کی لیکن اس کی رفتار کا صحیح اندازہ نہ لگاسکا۔ ڈاکٹروں نے اگروال کی حالت تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے منہ پر ٹانکے آئے ہیں۔ یاد رہے کہ فروری میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے ٹی 20 میچ کے دوران سریش رائنا کے زوردار چھکے کے نتیجے میں 6 سالہ بچہ زخمی ہوگیا تھا۔