2016 میں قومی کھیل ہاکی کی کارکردگی

2016 میں قومی کھیل ہاکی کی کارکردگی

سال 2016 میں قومی کھیل ہاکی میں کھیل کے چھوٹے کارکردگی کے اعتبار سے بڑوں سے آگے رہے۔ قومی سینئر ہاکی ٹیم نے رواں سال چودہ انٹرنیشنل میچز کھیلے۔ ففٹی ففٹی کامیابی کے تناسب کیساتھ گرین شرٹس کو سات میچوں میں جیت اور سات میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ چھ سے سولہ اپریل تک ملائیشیا میں ہونے والے سلطان اذلان شاہ کپ میں قومی ٹیم نے سات میں سے تین میچز میں کامیابی حاصل کی جبکہ چار میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایونٹ میں قومی سنئیر ٹیم پانچویں پوزیشن ہی حاصل کرسکی۔ بیس سے تیس اکتوبر تک ملائیشیا میں منعقدہ چوتھی ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی میں بھی قومی ہاکی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہی، ایونٹ کی فاتح بھارتی ٹیم نے دوسری دفعہ ایشیئن چیمپیئن بن کے فتوحات کا پاکستانی ریکارڈ برابر کردیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سال دو ہزار سولہ کا سفر فروری دو ہزار سولہ میں بھارت میں ہونے والے والی ساؤتھ ایشیئن گیمز سے کیا۔ بھارتی شہر گوہاٹی میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان وائٹ ٹیم نے سابق اولمپیئن محمد ثقلین کی زیرنگرانی شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی قومی وائٹ ہاکی ٹیم نے فائنل معرکے میں روائتی حریف بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
پی ایچ ایف کی جانب سے جونئیر کھلاڑیوں کی تربیت پر رواں سال بھی خصوصی توجہ دی گئی۔ جرمنی میں چار ملکی ٹورنامنٹ میں ناقص کارکردگی کے بعد قومی جونئیر ہاکی ٹیم نے کم بیک کیا اور دورہ سپین میں دو ایک سے کامیابی حاصل کی۔ جبکہ اکتیس اکتوبر سے چھ نومبر تک ملائیشیا میں ہونے والے سلطان جوہر ہاکی کپ میں آسٹریلیا سے فائنل میں شکست کے بعد سلور میڈل حاصل کیا۔ دوسری جانب بھارت نے جونیئر ورلڈ کپ کے لئے قومی جونیئر ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کردیا۔ جس سے ایک مرتبہ پھر بھارت کا مکروہ چہرہ سامنے آگیا۔
جونیئر سطح پر فیڈریشن کی محنت کا صلہ انڈر 18 ٹیم کی کاکردگی کی صورت میں بھی نظر آیا،سولہ سے بیس ستمبر تک عمان ٹیم کے دورہ پاکستان میں گرین شرٹس نے چار صفر سے کامیابی حاصل کی جبکہ چوبیس سے تیس ستمبر تک بنگلہ دیش کے دارلحکومت ڈھاکہ میں انڈر ایٹین ایشیا کپ میں پاکستان نے برانز میڈل حاصل کیا۔ سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر کے مطابق مارچ دو ہزار سترہ میں قومی سینئر ٹیم کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے دو چار ملکی ایونٹس میں شرکت کے لئے بھیجا جائے گا۔

ابراہیم بادیس نیو ٹی وی سے وابستہ ہیں