سعودی عرب میں ایمنسٹی سکیم کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کر دی گئی

سعودی عرب میں ایمنسٹی سکیم کی مدت میں تین ماہ کی توسیع کر دی گئی

جدہ :سعودی عرب کی حکومت نے غیر قانونی شہریوں کے لیے متعدد بار ایمنسٹی سکیم متعارف کروائی ہے جس کے تحت غیر ملکی شہریوں کو ملک سے باعزت طور پر جانے کے لیے مدد فراہ م کی گئی ۔مگر ہر بار ہزاروں غیر قانونی افراد نے اس سکیم سے فائدہ نہ اٹھایا ۔

تاہم اب پھر سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے غیرقانونی طریقے سے مقیم افراد کو تین ماہ کے اندراپنے آبائی ممالک میں جانے کی رعایت دے دی گئی ہے۔

اس حوالے سے جدہ میں پاکستانی قونصل خانے میں قونصلرجنرل شہریاراکبرخان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مملکت میں بہت سے ایسے پاکستانی موجود ہیں جوغیرقانونی طور پر رہائش پذیر ہیں ان میں زیادہ ترافراد کفیل یا مختلف کمپنیوں سے بھاگے ہوئے ہیں۔
سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان سمیت تمام ممالک کے ایسے تمام افراد کے لئے تین ماہ کے اندر اندرسعودیہ کو چھوڑنے کی رعایت دی گئی ہے، اس سلسلے میں قونصل خانے کے اندر معلوماتی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سعودی حکومت کی جانب سے سعودیہ بھر میں مختلف سنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں جن پر واپس جانے والے افراد اپنے کوائف درج کروا کر اپنی ہوائی جہاز کی ٹکٹ خرید کر واپس جا سکیں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر تین ماہ کے بعد بھی کوئی غیرقانونی طریقے سے یہاں مقیم رہا تو اس کے خلاف سعودی حکومت سختی سے پیش آئے گی اور اس پر سزا کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا، لہٰذا ایسے غیر قانونی مقیم افراد موجودہ مدت سے بھر پور فائدہ اٹھائیں، اس حوالے سے سفارت خانہ اور قونصلیٹ بھر پور مدد بھی فراہم کرے گا۔