داعش نے میڈیا ہاﺅسز پر حملو ں کا اعلان کر دیا

داعش نے میڈیا ہاﺅسز پر حملو ں کا اعلان کر دیا

تہران :تنظیم داعش نے ایک ریکارڈنگ جاری کی ہے جس میں ان کے سربراہ ابو بکر البغدادی نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کو ’مزاحمت‘ جاری رکھنے کے لیے کہا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق موت کی مبینہ خبروں کے بعد رواں سال میں دیئے گئے اپنے پہلے پیغام میں داعش کے سربراہ نے اپنے حمایتیوں کو مخاطب کرتے ہوئے گروپ سے لڑنے والے ممالک کے ’میڈیا سینٹر‘ کو نشانہ بنانے کی ہدایت کردی۔

ادھر امریکا کا کہنا ہے کہ وہ مذکورہ ریکارڈ کی تصدیق کررہے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ انہیں اس کی صداقت میں ’کوئی شبہ نہیں۔ابو بکر البغدادی نے اپنے مذکورہ ریکارڈ میں الزام لگایا کہ ’داعش کے رہنماوں اور جنگجووں نے یہ محسوس کیا ہے کہ کامیابی کا راستہ صبر میں ہے اور مخالفین کے اتحاد میں چاہے کوئی بھی شامل ہو، میدان میں مزاحمت جاری رکھی جائے۔

خیال رہے کہ یہ بات واضح نہیں ہے کہ مذکورہ پیغام، جو داعش کے تحت چلنے والے میڈیا الفرقان سے جاری کیا گیا، اسے کب ریکارڈ کرایا گیا تھا۔اس ریکارڈنگ میں ابو بکر البغدادی نے امریکا، روس، ایران اور ان کے اتحادیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا، جن کے حملوں کے باعث شام اور عراق میں داعش جنگجووں کی لڑائی متاثر ہوئی۔

یاد رہے کہ یہ پیغام گذشتہ روز عراقی فورسز کی جانب سے بغداد کے مغرب میں قائم رمادی کے اطراف میں جنگجووں سے چیھنے گئے علاقوں کے بعد سامنے آیا، جس میں ابو بکر البغدادی کا کہنا تھا کہ ’ہم رہیں گے، ہم مزاحمت کریں گے اور صبر سے کام لیں گے۔ ہم شکست تسلیم نہیں کریں گے۔