آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ عہدے سے فارغ ، قائم مقام آئی جی تعینات کر دیا

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ عہدے سے فارغ ، قائم مقام آئی جی تعینات کر دیا

کراچی :  آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹا کر ایڈیشنل آئی جی سردار عبدالمجید دستی کو قائم مقام آئی جی سندھ لگادیا گیا ہے۔
 تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے آئی جی پولیس اللہ ڈنو خواجہ کو عہدے سے ہٹا دیا جب کہ ان کی جگہ پولیس سروس کے گریڈ 21 کے افسر ایڈیشنل آئی جی سردار عبدالمجید دستی کو قائم مقام آئی جی سندھ مقرر کردیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو عہدے  سے ہٹانے کی کوئی ٹھوس وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں البتہ ان کی خدمات واپس وفاق کے سپرد کردی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ پہلے بھی اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹایا گیا تھا تاہم شدید تنقید کے بعد سندھ حکومت کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا تھا۔ میڈیا پر یہ باتیں گردش کر رہی تھیں کہ اے ڈی خواجہ اچھی شہرت کے حامل پولیس افسر ہیں اور انہوں نے پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بھرتیوں کو شفاف بنایا تھا جبکہ پیپلز پارٹی اپنے بندے بھرتی کرانا چاہتی تھی ، یہ باتیں بھی سننے میں آرہی تھیں کہ اے ڈی خواجہ نے سابق صدر آصف زرداری کے انتہائی قریبی دوست کے خلاف سخت ایکشن لیا تھا جس کی وجہ سے حکومت نے انہیں فارغ کردیا تھا.