کسی عدالت میں اتنی جرات نہیں کہ آئین توڑنے والوں کو واپس لاسکے, مریم نواز

کسی عدالت میں اتنی جرات نہیں کہ آئین توڑنے والوں کو واپس لاسکے, مریم نواز

سوات : مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نوازنے کہاہے کہ مجھے بتائیں ، ملک میں دونظام کیوں ہیں، ایک طرف نوازشریف عدالت میں پیشی کی نصف سنچری کرنے جارہاہے تو دوسری طرف پرویزمشرف کمر درد کا بہانہ بنا کر ملک سے چلاگیا، کسی عدالت میں اتنی جرات نہیں کہ آئین توڑنے والوں کو واپس لاسکے۔
سوات میں منعقدہ مسلم لیگ ن کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ ہم اپنی نیب عدالت میں پیشیوں کی کل نصف سینچری مکمل کرنے جارہے ہیں۔ مریم نواز نے عوام سے استفسار کیا کہ کیا آپ کا ووٹ سب سے حقیر چیز ہے کہ جب چاہومسل دو، عدالتوں کا بس بھی آپ کے نمائندوں پر چلتا ہے ، کسی عدالت میں اتنی جرات نہیں کہ آئین توڑنے والوں کو واپس لاسکے، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں لیکن ہم سے انتقامی فیصلوں کے احترام کی توقع نہ رکھی جائے اور زبردستی عمل کرانا خود عدالتوں اور عدل کی توہین ہے ، اگر فیصلے اتنے ہی سچے اور انصاف پر مبنی ہوتے تو آپ کو توہین کا افسوس نہ ہوتا، سچائی پر مبنی فیصلوں کو تنقید اور توہین کا خوف نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہاکہ کبھی ایسا دیکھاکہ پورے ملک کا نظام عدل ترقی کے راستے کی رکاوٹ بن جائے ، پورا نظام عدل بائیس کروڑ عوام کے مسائل چھوڑ کر ایک لیڈر کو مجرم ٹھہرانے کی کوشش میں لگ جائے ، کبھی سنا ہے ، جس طرح نوازشریف کو اقامے پر نکالاگیا، وہ تنخواہ جس کا کوئی وجود ہی نہیں تو وہ ڈکلیئرکیسے ہوسکتی ہے۔