بھارتی فورسز کا ظلم برقرار،مقبوضہ کشمیر میں مزید 4 کشمیری شہید

بھارتی فورسز کا ظلم برقرار،مقبوضہ کشمیر میں مزید 4 کشمیری شہید

سری نگر:مودی سرکار کی منہ زور فوج نے ظلم کے پہاڑ توڑنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں سرچ آپریشن کے نام پر مزید 4 کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ کے علاقے لاسی پورہ میں قابض بھارتی فورسز نے محاصرے اور گھر گھر تلاشی کے نام پر کارروائی کرتے ہوئے 4 نوجوانوں کو شہید کردیا۔

قابض بھارتی فورسز کا دعویٰ ہے کہ چاروں نوجوان فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوئے، جھڑپ کے دوران 3 بھارتی فوجی بھی شدید زخمی ہیں۔

پلوامہ اور شوپیاں میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے قابض بھارتی فورسز کی بربریت سے متعلق عوام تک معلومات کی رسائی روکنے کے لیے انٹر نیٹ سروس بند کردی ہے۔

دوسری جانب ضلع اسلام آباد کے علاقے قاضی گنڈ اور ویر ناگ میں بھی قابض بھارتی فورسز کا سرچ آپریشن جاری ہے۔