ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کی درخواست مسترد

ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کی درخواست مسترد
کیپشن: حکومت پر اعتماد کریں اور پوری دنیا کورونا کی لپیٹ میں ہے، چیف جسٹس۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایران میں پھنسے زائرین کو پاکستان واپس لانے کی درخواست مسترد کر دی۔مجلس وحدت المسلمین کے وائس چیئرمین سید ناصر عباس شیرازی نے عدالت میں درخواست دائر کی جس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ ایران میں ہزاروں پاکستانی پھنسے ہیں اور ان کے ویزے بھی ختم ہو چکے ہیں، تاثر دیا جا رہا ہے کہ سارے مسائل زائرین کی وجہ سے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس نے درخوست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا درخواست گزار نے وزارت خارجہ سے رابطہ کیا۔ 

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حکومت پر اعتماد کریں اور پوری دنیا کورونا کی لپیٹ میں ہے، پارلیمنٹ اور ایگزیکٹو موجود ہیں، متعلقہ فورم پر رجوع کریں اور یہ بین الاقوامی سطح کا مسئلہ ہے لہٰذا عدالت ان معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا کہ یہ اخذ نا کریں کہ حکومت کچھ نہیں کر رہی، یہ معاملہ پارلیمنٹ اور وزارت خارجہ کا ہے، عدالتوں کا نہیں اور عدالت کسی بھی تنازع میں نہیں پڑے گی۔بعد ازاں چیف جسٹس نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔