ٹنڈوآدم میں خسرہ کی بیماری وبائی صورت اختیار کر گئی

ٹنڈوآدم میں خسرہ کی بیماری وبائی صورت اختیار کر گئی

ٹنڈو آدام : ٹنڈوآدم علی کے گاؤں پریو ببر میں خسرہ کی بیماری وبائی صورت اختیار کر گئی ہے۔ بیماری میں مبتلا دو سگے بھائی دم توڑ گئے ۔تیسرا بھائی اور بہن سمیت گاؤں کے دیگر بچے بھی بیماری میں مبتلا ہیں ۔

نیو نیوز کے مطابق  ٹنڈوآدم جام نواز علی کے گاؤں پریو ببر میں خسرہ کی بیماری کی وجہ سے ایک ہی دن میں دو بھائی ممتاز علی اور امتیاز علی ولد تاج محمد ببر فوت ہوگئے ۔ فوت ہونے والے کے تین سالہ بھائی اظہر اور چھ سالہ بہن بیماری میں مبتلا ہے۔بچوں والد تاج ببر کا کہنا ہے کہ دوسرے بچوں کاعلاج کرانے کے لیے رقم نہیں ۔ کسی مسیحا کے منتظر ہیں ۔

  خسرہ  سے بچوں کے مرنے اور نصف درجن سے زائد بچوں میں مرض پھیلنے کی وجہ سے گاؤں کے مکین مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں اور گاؤں میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہوگئی ہے۔ بچوں کے والدین نے صحافیوں کو بتایا کہ محکمہ صحت کیجانب سے کوئی تدابیر اختیار نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی منتخب نمائندہ  پہنچا اور ناہی ڈپٹی کمشنر سانگھڑ و ضلعی محکمہ صحت کے افسران آئے ہیں ۔

رابطہ کرنے پر ڈی ایچ او سانگھڑ امجد یوسفزئی نے بتایا کہ  ہمیں اس بارے میں کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔ انہوں نے حکومت سندھ اور محکمہ صحت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ گاؤں میں فوری طور پر ڈاکٹروں کی ٹیم بھیجی جائے تاکہ بیماری پر کنٹرول کیا جاسکے اور مزید معصوم پھول جیسے بچوں کی زندگیاں ضائع ہونے سے بچائی جاسکیں۔