لاہور میں ہر پانچ میں سے ایک شہری کورونا کا مریض

لاہور میں ہر پانچ میں سے ایک شہری کورونا کا مریض
کیپشن: لاہور میں ہر پانچ میں سے ایک شہری کورونا کا مریض
سورس: file

لاہور: پنجاب کے بڑے شہروں میں کورونا وائرس کم ہونے کے بجائے بڑھ رہا ہے۔  لاہور میں مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 18.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ایک دن پہلے لاہور  میں مثبت کیسز کی شرح 18 فیصد تھی۔آج کے اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں تقریباً ہر پانچ میں سے ایک شہری کورونا کا مریض ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران لاہور میں 9 ہزار 222 ٹیسٹ کیے گئے۔ 1708مثبت آئے ہیں۔ لاہورمیں کورونا سے30اموات ہوئی ہیں۔ 

پنجاب میں 31 مارچ کو 22 ہزار 624 ٹیسٹ کیےگئے جن میں سے 2 ہزار789مثبت آئے ہیں۔ اس طرح پنجاب میں کورونامثبت آنےکی شرح12.3فیصدرہی۔ پنجاب میں24گھنٹوں کےدوران62اموات ہوئیں۔ 

آئی سی یو میں مریضوں  کے حوالے سے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 24گھنٹوں کےدوران پنجاب میں26نئےمریض آئی سی یومیں داخل ہوئے۔ ان میں سے 15 مریض صرف لاہور میں آئی سی یو میں داخل ہوئے۔ 

واضح رہے کہ  پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر نے تباہی مچادی ہے۔ ملک بھر میں ایک دن میں مزید 98  افراد انتقال کرگئے۔4  ہزار 974 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ آج مثبت کیسز کی شرح 9.9 فیصد رہی۔

این سی او سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس نے مزید 98  افراد کی جان لے لی ہے ۔ کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 14ہزار530 ہوگئی۔

 24 گھنٹے کےدوران 4974 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ کوونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد  6 لاکھ 72 ہزار 931 ہوگئی۔2148 افراد صحت یاب ہوئے۔ اب تک صحت یاب ہونے والوں کی تعداد  6  لاکھ  5 ہزار 274 ہوگئی ہے۔

 ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 53 ہزار 127 تک پہنچ گئی ہے جن میں 3 ہزار 303 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ تشویشناک مریضوں میں سے 106 گزشتہ روز ہسپتالوں میں داخل ہوئے۔