فیس بک کا نیا فیچر جاری، نیوز فیڈ پر صارفین کا کنٹرول بڑھا دیا

فیس بک کا نیا فیچر جاری، نیوز فیڈ پر صارفین کا کنٹرول بڑھا دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: سماجی رابطوں کی سب سے بڑی اور معروف ویب سائٹ فیس بک نے صارفین کیلئے نیوز فیڈ کو مزید کنٹرول کرنے والے نئے فیچرز متعارف کروا دئیے ہیں جن کے ذریعے اب صارفین اپنی ٹائم لائن پر مرضی کا مواد دیکھ سکیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے فیچرز کے ذریعے ناصرف اپنی نیوز فیڈز کی الگورتھم رینکنگ کو بند کر کے اپنی پسند کا مواد دیکھ سکتا ہے بلکہ کمنٹ آڈینس کو کنٹرول کرسکتا ہے لیکن اس فیچر کے ذریعے صرف اسی آڈنیس کو کنٹرول کیا جاسکے گا جنہیں مینو میں سے منتخب کیا گیا ہو۔ 
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے فیچرز کے ذریعے نیوز فیڈ کو ترتیب دینے اور براؤز کرنے میں آسانی ہو گی اور ساتھ ہی صارف نیوز فیڈ پر اپنی مرضی کا مواد دیکھ سکے گا۔ حال ہی میں فیس بک نے ’ فیورٹس‘ نامی فیچر متعارف کروایا تھا جس کے ذریعے صارفین اپنے دوستوں اور منتخب پیجز کے مواد کو ترجیحی بنیاد پر دیکھ سکتے ہیں۔
فیورٹس ٹول کے ذریعے کوئی بھی صارف 30 دوستوں اور پیجز کو منتخب کرسکتا ہے جس کے بعد انہی دوستوں یا صفحات کی پوسٹس نیوز فیڈ پر سب سے پہلے آئیں گی۔ صارفین نیوز فیڈ میں سب سے اوپر موجود نئے مینو ’فیڈ فلٹر بار‘ کے ذریعے فیورٹ ٹول تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے یہ سہولت ابتدائی طور پر اینڈرائڈ صارفین کیلئے فراہم کی گئی ہے جو نیوز فیڈ کو سکرول کرنے کے بعد اس آپشن تک پہنچ سکتے ہیں جبکہ آئی فون صارفین کیلئے بھی آئندہ چند ہفتوں میں یہ سہولت فراہم کر دی جائے گی۔