بھارت کیساتھ تجارت کشمیر کی قیمت پر نہیں ہو گی: فواد چوہدری

بھارت کیساتھ تجارت کشمیر کی قیمت پر نہیں ہو گی: فواد چوہدری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تجارت کشمیر کی قیمت پر نہیں ہوگی، ہم تجارت چاہتے ہیں لیکن اس کیلئے بھارت کو 5 اگست سے پہلے والی پوزیشن پر جانا ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے بھارت کے ساتھ چینی کپاس کی درآمد کی منظوری نہیں دی کیونکہ بھارت کے ساتھ تجارت کشمیرکی قیمت پر نہیں ہوسکتی، ہم تجارت چاہتے ہیں لیکن بھارت پہلے 5 اگست سے پہلے کی پوزیشن پر جائے، 23 مارچ کے بھارتی وزیر اعظم کے خط کا جواب دیا گیا ہے۔
کورونا وائرس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ کورونا کی 2 لہروں کا کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا،کوشش کررہے ہیں کہ کورونا کی تیسری لہر کا بھی بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا جائے۔ ملک بھر میں 98فیصد پاکستانیوں کو مفت ویکسین لگائی جائے گی لیکن 2 فیصد لوگ جو لائن میں کھڑے نہیں ہونا چاہتے ان کو قیمت پر ویکسین کی سہولت دیں گے، 
ان کا کہنا تھا کہ روسی ویکسین کی قیمت سے متعلق تنازع سندھ ہائیکورٹ میں چل رہا ہے جبکہ چینی ویکسین کین سائنو کی قیمت 4 ہزار 225 روپے طے کی گئی ہے، سندھ ہائیکورٹ کاحتمی فیصلہ آنے کے بعد سپوٹنک ویکسین کی قیمت بھی مقرر کریں گے، پاکستان میں امپورٹر ویکسین تلاش کرکے لاتا ہے تو من مانی قیمت چاہتا ہے۔