بیس سال قید کاٹ کرآنے والے فلسطینی کو اسرائیلی فوج نے چند گھنٹوں بعد پھر گرفتار کرلیا

بیس سال قید کاٹ کرآنے والے فلسطینی کو اسرائیلی فوج نے چند گھنٹوں بعد پھر گرفتار کرلیا
سورس: file photo

تل ابیب ، 20 سال بعد قید سے رہا ہونے والے فلسطینی کو اسرائیلی فوج نے چند گھنٹوں بعد دوبارہ گرفتارکرلیا ۔ 

مجد بربر20 سال بعد اسرائیلی قید سے رہا ہوئے تو خاندان نے اس کا والہانہ استقبال کیااور اس موقع پر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔   اس موقع پر مجد بربر کی اہلیہ نے دلہن کی طرح سج سنورکر شوہر کا استقبال کیا اور اسے دیکھتے ہی دوڑ کر گلے لگ گئی، اس موقع پر اہلخانہ اور دیگر عزیزواقارب کی خوشی بھی دیدنی تھی۔فلسطینی شخص کی بیٹی بھی خوشی سے نہال نظر آئی  جو  والد کی قید کے وقت صرف 15 دن کی تھی۔

فلسطینی خاندان کی اس موقع پر بے ساختہ خوشی کے اظہار کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوگئی اور اسے دیکھ کر بہت سے لوگوں کا دل بھر آیا۔

تاہم  اسرائیلی فوج کو مجد بر بر کے اہل خانہ کی خوشیاں پسند نہیں آئیں اور چند گھنٹوں بعد ہی اس کےگھر پر چھاپہ مارکر اسے دوبارہ گرفتار کرلیا۔

 خیال رہےکہ مجد بربرکو اسرائیلی فوجیوں کے خلاف مزاحمت کے الزام میں 2001 میں 20سال قید کی سزا ہوئی تھی۔

قابض اسرائیلی فوج کے اس ظالمانہ اور غیر انسانی رویے پر دنیا بھر میں سوشل میڈیا پر صارفین اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔