پاکستان پولینڈ کیساتھ تاریخی بنیادوں پر استوار تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف

پاکستان پولینڈ کیساتھ تاریخی بنیادوں پر استوار تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف
کیپشن: پاکستان پولینڈ کیساتھ تاریخی بنیادوں پر استوار تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، آرمی چیف
سورس: فوٹو/بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پولینڈ کے سفیر نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران آرمی چیف نے کہا پاکستان پولینڈ کے ساتھ باہمی اعتماد و تاریخی بنیادوں پر استوار تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف  جنرل قمر جاوید باجوہ سے پولینڈ کے سفیر پیوٹر اے اوپلنسکی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ آرمی چیف کا کہنا تھا دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت سیکیورٹی کے متعدد امور پر دونوں ممالک کے اسٹریٹجک مفادات میں ہم آہنگی ہے۔ پولینڈ کے سفیر نے خطے میں امن و استحکام باالخصوص افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

گزشتہ روز پاکستان میں تعینات یوکرائن کے سفیر مارکین چوچوک نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ اور دفاعی تعاون میں اضافے کے امور زیربحث آئے۔

دونوں جانب سے دفاعی تعاون کے سلسلے میں ، منظم فورمز اور باضابطہ تبادلے کے ذریعے دوطرفہ امور کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا تھا کہ پاکستان یوکرائن کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ یوکرینی سفیر نے خطے میں امن و استحکام لانے کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں ، خصوصا افغان امن عمل کی تعریف کی۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چین، یورپی یونین کے سفیروں اور کینیڈین ہائی کمشنر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان ملاقاتوں میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سی پیک پر پیشرفت اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

چینی سفیر نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا جبکہ افغان امن عمل کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے انسداد کورونا کیلئے چین کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج چین کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ اس ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔

اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کے سفیر، کینیڈین ہائی کمشنر اور ڈنمارک کی سفیر نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

غیر ملکی سفیروں نے خطے کے استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا، افغان امن عمل کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی جبکہ پاکستان سے سفارتی سطح پر تعاون بڑھانے کا عزم کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان باہمی مفاد پر مبنی تعلقات اور تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔