لاڑکانہ میں المناک ٹریفک حادثے میں 10 افراد جاں بحق

لاڑکانہ میں المناک ٹریفک حادثے میں 10 افراد جاں بحق
کیپشن: لاڑکانہ میں المناک ٹریفک حادثے میں 10 افراد جاں بحق
سورس: فائل فوٹو

لاڑکانہ: سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں ٹریفک حادثے میں بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 35سے زائد زخمی ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے بائی پاس پر باراتیوں سے بھری بس الٹ گئی اور حادثہ بس کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا۔ جس کے باعث 10 افراد موقع پر چل بسے اور مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں سوار باراتی لاڑکانہ شہر سے دادو جارہے تھے۔ بائی پاس پر بس کی ٹائی راڈ ٹوٹی اور ٹریکٹر سے ٹکرا گئی۔

ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں 10 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 35 سے زائد زخمی ہیں جن میں 20 کی حالت تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کا شکار باراتیوں کا تعلق قمبر برادری سے ہے، بارات لاڑکانہ سے قمبر کے علاقے لالو راؤنک جا رہی تھی۔

اس سے قبل حیدر آباد سے کراچی موٹروے پر ٹریفک کے المناک حادثے نے دولہے کی جان لے لی تھی۔ نوری آباد کے قریب ایم نائن موٹروے پر بارات کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دولہا ہلاک ہو گیا۔