بھارتی سمندری حدود سے کروڑوں روپے کی 1500کلو ہیروئن برآمد

بھارتی سمندری حدود سے کروڑوں روپے کی 1500کلو ہیروئن برآمد

نئی دہلی :بھارت کے کوسٹ گارڈز نے بتایا ہے کہ ملک کے مغربی ساحل سے دور بھارتی پانیوں میں ایک غیر ملکی بحری جہاز سے بڑی مقدار میں ہیروئن قبضے میں لے لی گئی ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق قبضے میں لی گئی ہیروئن کا وزن پندرہ سو کلوگرام ہے اور بین الاقوامی منڈی میں اس غیر قانونی نشہ آور مادے کی قیمت ساڑھے چار سو ملین ڈالر سے زائد بنتی ہے۔


جس بحری جہاز کے ذریعے یہ ہیروئین اسمگل کی جا رہی تھی، اس کی رجسٹریشن پاناما میں ہوئی ہوئی تھی۔ رپورٹوں کے مطابق یہ ہیروئن گزشتہ روز قبضے میں لی گئی۔ بھارتی کوسٹ گارڈز اسے حالیہ برسوں میں پکڑی جانے والے منشیات کی سب سے بڑی کھیپ قرار دے رہے ہیں۔ جہاز کا عملہ آٹھ افراد پر مشتمل ہے اور اس جہاز کو بھارتی ریاست گجرات کے آلنگ شپ یارڈ میں لنگر انداز ہونا تھا۔

عملے کے ارکان کو تفتیش کے لیے گرفتار کر لیا گیا ہے۔بھارت کے پڑوسی ملک افغانستان میں ہیروئن کے بنیادی جزو افیون کی پیداوار بڑے پیمانے پر ہوتی ہے۔

یہ تفصیلات کہ منشیات کی اس کھیپ کو کہاں سے جہاز پر لادا گیا اور اس کی اسمگلنگ میں کون افراد ملوث ہیں، فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔ بھارتی کوسٹ گارڈز، ملکی بحریہ، پولیس اور بھارتی خفیہ ادارے اس معاملے کی مشترکہ تحقیقات کر رہے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں