این اے 120 ضمنی الیکشن، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

این اے 120 ضمنی الیکشن، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونیوالی این اے 120 لاہور کی سیٹ کیلئے ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق حلقہ این اے 120 میں پولنگ 17 ستمبر کو ہو گی اور امیدوار کاغذات نامزدگی 10 سے 12 اگست تک جمع کرا سکیں گے جبکہ امیدواروں کے کاغذات کی سکروٹنی 15 سے 17 اگست تک کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار 24 اگست کو ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرا سکیں گے اور الیکشن میں حصہ نہ لینے والے امیدوار کاغذات نامزدگی 25 اگست کو واپس لے سکیں گے تاہم امیدواروں کی حتمی فہرست 26 اگست کو جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری ہونے کے بعد حلقے میں کسی قسم کی ٹرانسفر نہیں ہو سکتی اور حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرنے پر بھی مکمل پابندی ہو گی۔

یاد رہے 2013 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے رہنما نواز شریف نے این اے 120 سے الیکشن لڑا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں