وسیم اکرم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو خیر باد کہہ دیا

وسیم اکرم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو خیر باد کہہ دیا

اسلام آباد: عظیم فاسٹ باؤلر اور سابق کپتان وسیم اکرم نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو خیر باد کہہ دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق کپتان وسیم اکرم نے پی ایس ایل کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو چھوڑ کر پی ایس ایل میں شامل ہونے والی نئی ٹیم ملتان کے ساتھ معاہدہ کرنے پر غور کرنا شروع کر دیا۔

وسیم اکرم اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ بطور مینٹور اپنی خدمات دے رہے تھے اب ان کی جگہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے موجودہ کپتان مصباح الحق کپتانی کے ساتھ ساتھ مینٹور کی بھی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ سابق ریکارڈ ساز کرکٹر یونس خان کی بطور مینٹور خدمات حاصل کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ وسیم اکرم کی مینٹورنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کو اپنے نام کیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک پی ایس ایل کے 20 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 11 میچز میں وہ کامیاب رہی جبکہ 9 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں