چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج ہو گی

چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج ہو گی
کیپشن: اپوزیشن نے صادق سنجرانی کی جگہ میر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ریڈیو پاکستان

اسلام آباد: سینیٹ کی تاریخ میں پہلی بار چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کو عہدے سے ہٹانے کی قراردادوں پر رائے شماری آج ہو گی۔

حزب اختلاف کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جا چکی ہے جس کے جواب میں حکومت اور ان کے اتحادیوں نے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور ان کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی۔

اپوزیشن سمجھتی ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ایوان کا اعتماد کھو بیٹھے ہیں جبکہ حکومت کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا پر اعتماد نہیں رہا۔

دوپہر دو بجے شروع ہونے والے اجلاس میں سینیٹ (ایوان بالا) میں اعتماد کی بڑی جنگ آج ہو گی جس میں حکومت اور اپوزیشن کا نمبرز گیم کی بنیاد پر ٹکراؤ ہو گا لیکن اس جنگ سے قبل ہی سیاسی گرما گرمی عروج پر ہے اور دونوں جانب سے عددی اکثریت کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

اپوزیشن نے صادق سنجرانی کی جگہ میر حاصل بزنجو کو چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔