لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ چیلنج کردیا گیا

لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ چیلنج کردیا گیا

اسلام آباد:حکومت کی جانب سے گزشتہ رات پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کے بعد لاہور ہائیکورٹ میں قیمتوں کو چیلنج کردیا گیا ہے۔


تفصیلات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف درخواست شہری منیر نے دائر کی جس میں وفاقی حکومت ،اوگرا اور وزارت پٹرولیم سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غیر قانونی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف درخواستیں پہلے سے ہی لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں جب تک زیر سماعت درخواستوں کا فیصلہ نہیں ہو جاتا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جاسکتا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے متعلق کابینہ سے منظوری بھی نہیں لی۔

دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے احکامات پر وزارت خزانہ خاموش ہے جبکہ نئی قیمتوں کا نوٹیفیکیشن بھی جاری نہیں ہوا۔

روایت رہی ہے کہ تیل کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان بارہ بجے سے پہلے کر دیا جاتا ہے تاہم پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اب تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔