امریکی ریاست ٹینسی کے جنگلات میں بھیانک آگ، 7 افراد ہلاک ، ہزاروں افراد بے گھر

امریکی ریاست ٹینسی کے جنگلات میں بھیانک آگ، 7 افراد ہلاک ، ہزاروں افراد بے گھر

ٹینسی : امریکی ریاست ٹینسی کے جنگلات میں آگ لگنے کے نتیجے میں سات افراد ہلاک اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی تاہم تین افراد کی لاشیں ایک جلے ہوئے گھر سے ،ایک کی لاش ایک ہوٹل سے اور مزید تین افراد کی لاشیں آگ سے متاثرہ قریبی علاقوں سے ملی ہیں ۔
امریکی ریاست ٹینسی کے جنگلات میں آگ لگنے کی وجہ سے وہاں کے لوگ اپنا گھربار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ آگ بجھانے کے لئے فائربریگیڈ عملے کی تمام تر کوششوں کے باوجود ہوا کے تیز جھونکوں سے آگ مزید بھڑکتی چلی گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے پورے علاقے کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ بھڑکنے کی بناء پر سیکڑوں کی تعداد میں رہائشی مکانات اور عمارتیں جل گئیں جبکہ بچ نکلنے والے افراد کو اپنے لواحقین اور رشتہ داروں کی سلامتی کے بارے میں گہری تشویش لاحق ہے۔
دوسری جانب ریاست میسوری کے شہر کنزاس کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ کنزاس کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے قریب پیلیٹ کاونٹی کے علاقے میں گیس پائپ لائن میں شدید دھماکہ ہوا جس میں کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا تاہم دھماکے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی۔ ابھی تک دھماکے کی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔