خلائی جہاز کیسینی زحل کا مشن ختم نو ماہ بعد زحل کے ساتھ ٹکرا کر فنا ہو جائے گا

خلائی جہاز کیسینی زحل کا مشن ختم نو ماہ بعد زحل کے ساتھ ٹکرا کر فنا ہو جائے گا

ناسا :خلائی جہاز کیسینی زحل کا مشن ختم کرنے کے قریب ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کیسینی گذشتہ 12 برس سے حلقہ دار سیارے زحل اور اس کے چاندوں کے گرد نسبتاً محفوظ فاصلے سے گردش کر رہا ہے۔ لیکن اب یہ زحل کے ساتھ خودکش انداز میں ٹکرانے جا رہا ہے۔
اگلے نو ماہ میں خلائی جہاز غوطہ کھا کر سیارے کے حلقوں کے نہایت قریب پہنچ جائے گا۔ اس کے بعد یہ زحل کے ساتھ ٹکرا کر فنا ہو جائے گا۔اس خودکش مشن کی وجہ یہ ہے کہ کیسینی کا ایندھن ختم ہو رہا ہے۔
سائنس دانوں کی کوشش ہے کہ بلاایندھن کیسینی مستقبل میں زحل کے کسی چاند، خاص طور پر اینسی لیڈس اور ٹائٹن سے نہ ٹکرا جائے۔سائنس دانوں کو ایک موہوم امید ہے کہ ان چاندوں پر زندگی موجود ہو سکتی ہے۔ اگر کیسینی ان میں سے کسی چاند سے ٹکرا گیا تو امکان ہے کہ زمینی جراثیم وہاں پر موجود کسی قسم کی زندگی کو متاثر نہ کر دیں۔
اگلے سال 15 ستمبر کو کیسینی کے زحل سے ٹکرانے سے یہ خدشہ بھی ختم ہو جائے گا۔اگلے برس 22 اپریل تک کیسینی سلسلہ وار غوطے لگا کر اندرونی حلقے کو چھوئے گا۔ اس موقعے پر وہ زحل کے بادلوں کے صرف دو ہزار کلومیٹر فاصلے پر ہو گا۔